ملتان (سٹاف رپورٹر سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل ملک جاوید اقبال وینس نے کہا ہے کہ اووربلنگ اور اووریڈنگ ناقابل قبول ہے۔ بجلی کے بلوں پر درست اور واضح تصاویر کی شرح 100فیصد کی جائے اور اگر کسی علاقہ میں اووربلنگ ثابت ہوئی تو متعلقہ ایس ڈی او ز اور اہلکاروں کوسخت سزادی جائے گی۔ وہ میپکو موسیٰ پاک ڈویژنل کمپلیکس میں ایکسین /ایس ڈی اوز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کو جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ مقدمات کا اندراج بھی کروایاجائے اور روزانہ کی بنیاد پر سرکل آفس بھجوائی جائے۔ خراب اورجلنے والے میٹرز تبدیل کئے جائیں اور تبدیل ہونے والے میٹرز اسی ماہ ایم اینڈ ٹی لیبارٹری بھجوائے جائیں۔ ایم اینڈ ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں صارفین کو یونٹس ڈیبٹ /کریڈٹ کئے جائیں تاکہ کسی بھی صارف کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر نے ملتان سرکل کے تمام ایگزیکٹو انجینئرز اور ایس ڈی او ز کو ہدایت کی کہ بیچ وائز کی شرح میں اضافہ کیاجائے اور تمام کیٹگریز کے تمام صارفین سے ماہانہ بل،مکمل واجبات /بقایاجات وصول کئے جائیں۔ عدم ادائیگی بلوں اورواجبات پر کنکشنز منقطع کئے جائیں، سیفٹی ایس او پیز پر کوئی سمجھوتہ نہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمرشل منیجر ارشاد سیال، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل تاج محمود قمر،ایس ڈی او محمد کامران، ایکسین کینٹ ڈویژن بابر علی گجر، ایکسین سٹی ڈویژن محمد علی یاسر، ایکسین شاہ رکن عالم ڈویژن ملک کاظم اعوان، ایکسین ممتازآبادڈویژن غلام محی الدین میتلا، ایکسین موسیٰ پاک ڈویژن محمد وسیم اختر، ایکسین شجاع آبادڈویژن طارق محمود ڈار، تمام سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز اور ریونیو آفیسر ز بھی موجود تھے۔