ملتان(سٹاف رپورٹر)ملتان چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر شیخ فیصل سعید نے کہا ہے کہ ملتان میں انٹر نیشنل کرکٹ میچز کا انعقاد یقیناً ایک اہم پیش رفت ہے لیکن اس ایونٹ کو عوام کیلئے باعث آزار بنانا کہاں کی دانش مندی ہے ؟انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیموں کی روزانہ غیر ضروری آمد ورفت اور متعلقہ انتظامات کرنے سے لاکھوں شہری مشکلات سے کا شکار ہیں کیونکہ ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ابدالی روڈ اور ملحق سڑکیں بند کردی گئی ہیں ،روڈز کی بندش سے مختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام ہونے سے لوگوں کو شدید پریشانی اور بروقت اپنے مقررہ مقامات پر پہنچنے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انتظامیہ لاکھوں افراد کو مشکل صورتحال سے دوچار کرکے کون سا ایوارڈ حاصل کرنا چاہتی ہے ؟ سوال یہ ہے کہ ارباب اختیار افراتفری کے مناظر سے بے خبر کیوں ہیں؟ یا پھر روایتی بےحسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگین مجرما نہ غفلت کے مرتکب ہو رہے ہیں جو نا قابل قبول ہے ۔ اعلیٰ افسران ہوش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر اعلانیہ کرفیو کا خاتمہ کروائیں اور ٹیموں کی آمدورفت کو متبادل ذرائع اختیار کرے۔ وزیر اعلیٰ اس ضمن میں ملتان انتظامیہ کو فوری عوامی ریلیف دینے کے سخت احکامات جاری کریں ۔