کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے صوبائی امیر محمد حسین محنتی کی اہلیہ کی وفات پر ان کی رہائش گاہ پہنچ کر تعزیت کی، مرحومہ کی مغفرت اوردرجات کی بلندی کی دعا کی، تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موت برحق اور ہر نفس کو اس کا مزہ چکھنا ہے یہ دنیا ہمارے لئے امتحان گاہ ہے جبکہ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ دنیا کی چمک دمک دھوکے کے سامان کے سواکچھ بھی نہیں،سراج الحق نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ مرد کی خوشی ودکھ میں عورت کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، انبیائے کرام کے دور میں بھی ان کے دکھ درد واقامت دین کی جدوجہد میں خواتین اسلام کا بڑا کردار ہوتا تھا، مرحومہ ایک نیک خاتون تھیں جنہوں نے اپنے بچوں کی بہترین تعلیم وتربیت اور دینی ماحول دیا محمد حسین محنتی کے بطور صوبائی امیر کراچی تا کشمور تسلسل وثابت قدمی کے ساتھ دورہ جات میں بھی ان کا بڑا تعاون شامل تھا۔ موت برحق اور ہر نفس کو اس کا مزہ چکھنا ہے یہ دنیا ہمارے لئے امتحان گاہ ہے اس لئے ہر فرد کو آخرت کی تیاری کرنی چاہئے ورنہ ہاتھ ملنے کے سوا کچھ نہین ملے گا۔صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ مرحومہ نیک خاتون اور وفاشعار بیوی تھیں، گھر کے ساتھ بچوں کو دینی ماحول اور تعلیم وتربیت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی وہ جماعت اسلامی کی امیدوار رکن،الخدمت کی فعال کارکن تھیں الحمدللہ! 08نواسے ونواسیاں حافظ قرآن ہیں ،بیٹا جماعت اسلامی کا رکن اور پورا خاندان اقامت دین کی تحریک سے جڑا ہوا ہے۔