اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی،این این آئی) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے سیکرٹری جنرل حسين طہٰ ابراہیم اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ اوآئی سی امت مسلمہ کی ترجمان،تنازع کشمیرکے حل کیلئےکرداراداکرے، کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،عالمی برادری بھارتی مظالم کانوٹس لے،افغان عوام او آئی سی کے تعاون کے منتظر ہیں، دیرینہ تنازع کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے، مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے خطے کے امن و استحکام کیلئے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئےکردار کرنا چاہئے ،او آئی سی 56 ممالک اور دنیا بھر میں موجود 1.9 ارب مسلمانوں کی مشترکہ آواز ہے اور دنیا کی دوسری بڑی کثیرالملکی تنظیم ہے، پاکستان او آئی سی سے تندہی کیساتھ جڑا ہوا ہے، او آئی سی نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔