• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان ٹیسٹ، پاکستان سے متوقع فتح چھین لی گئی، سعود کے خلاف متنازع فیصلہ، انگلینڈ 26 رنز سے کامیاب

ملتان (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) انگلش پیسرز کی شانداربولنگ اور سعود شکیل کے خلاف ویسٹ انڈین امپائر جو ولسن کے متنازع فیصلے نے پاکستان سے متوقع فتح چھین لی۔ انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ بھی26رنز سے جیت لیا اور پاکستانی سر زمین پر ٹیسٹ سیریز22سال بعد اپنے نام کرلی۔ تیسرا ٹیسٹ ہفتے سے کراچی میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ نے سال 2000میں ناصر حسین کی قیادت میں سیریز ایک صفر جیتی تھی۔ پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے بعد مسلسل دوسری ٹیسٹ سیریز جبکہ گذشتہ پانچ میں سے تین ٹیسٹ میں شکست ہوئی ہے۔ بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ نے 9میں آٹھواں ٹیسٹ جیتا ہے۔ پیر کو ملتان ٹیسٹ کے چوتھے دن لنچ کے بعد پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں328رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔ انگلش فاسٹ بولروں نے آٹھ وکٹ حاصل کئے۔ سعود شکیل کو94رنز پر ٹی وی امپائر نے اس وقت آؤٹ دیا جب پاکستان جیت کی جانب گامزن تھا۔ ٹی وی ری پلے سے یہی پتہ چل رہا تھا کہ وکٹ کیپر نے گیند زمین سے اٹھائی ہے۔ لیکن ویسٹ انڈین امپائر نے شک کا فائدہ بیٹسمین کو نہیں دیا۔ سلمان علی آغا 20رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کیلئے مارک ووڈ نے21اوورز میں65رنز دے کر چار وکٹ ، اولی رابنسن نے23اور جیمز اینڈرسن نے44رنز دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جیک لیچ اورجوروٹ نے شکار کیا۔ ہیری بروک کو ان کی شاندرا بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تیسرے دن انگلینڈ کے 355رنز کے تعاقب میں پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 198رنز بنا لیے تھے، چوتھے جیت کیلیے مزید 157رنز کی ضرورت تھی۔ اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 275رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی ۔ چھٹے اوور میں انگلینڈ کو پہلی کامیابی جوروٹ نے دلوائی جب فہیم اشرف32گیندوں پر10رنز بناکر سلپ میں کیچ ہوگئے۔ پاکستان جیت سے109رنز دور تھا اس وقت انگلش ٹیم کے دوسری نئی گیند246رنز پانچ وکٹ پر لی۔ محمد نواز اور سعود شکیل کی 80رنز کی شراکت کا خاتمہ ہوا جب محمد نواز ، مارک ووڈ کی گیند پرغیر ضروری اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں لیگ سائیڈ سے کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے۔ بائیں ہاتھ کے محمد نواز نے62گیندوں پر45رنز سات چوکوں کی مدد سے بنائے۔ یہ ان کا ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔ لنچ سے قبل پاکستان کو دن کی تیسری وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب سعود شکیل نے موقع گنوا کر پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا۔ سعود پہلی ٹیسٹ سنچری چھ رنز کی کمی سے مکمل نہ کرسکے۔ وہ213 گیندیں کھیلنے کے بعد94رنز پرمارک ووڈ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے شامل تھے۔ اس وقت پاکستان کو64رنز کی ضرورت تھی۔ لنچ پر پاکستان کا اسکور سات وکٹ پر 291رنز تھا۔ لنچ کے بعد پاکستانی بیٹر مزاحمت نہ کرسکے۔ سعود شکیل کے آؤٹ ہونے کے بعد ابرار احمد جارحانہ 17رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد زاہد محمود اور محمد علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

اسپورٹس سے مزید