نئی دہلی( اے ایف پی، مانیٹرنگ نیوز) ریاست اروناچل میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے قریب چین کی فوج کے ساتھ جھڑپ میں بھارتی فوج کے متعدد اہلکار زخمی ہوکر پسپا ہوگئے جھڑپ میں کچھ چینی فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں
دونوں ممالک کے کمانڈرزنے مداخلت کرکے جھڑپ ختم کروائی ، مشترکہ فلیگ مارچ بھی کیا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست اروناچل میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول ایک بار پھر بھارتی اور چینی فوج کا میدان جنگ بن گیا۔
9 دسمبر کوہونے والی جھڑپ مبینہ طور پر ایل اے سی کی خلاف ورزی پر ہوئی اور دونوں اطراف سے الزام ایک دوسرے پر عائد کیے گئے،ذرائع نے بتایاہےکہ دونوں جانب اہلکار زخمی ہوئے ہیں تاہم بھارتی فوج کے زیادہ اہلکار زخمی ہوئے جن کی اصل تعداد معلوم نہ ہوسکی ۔
توانگ سیکٹر میں ہونے والی جھڑپ کے بعد افسران کی مداخلت سے دونوں اطراف کے فوجی اہلکار پیچھے ہٹ گئے اور جھڑپ ختم ہوگئی، دونوں ممالک کی فوجوں کے کمانڈرز نے مشترکہ طور پر فلیگ مارچ کیا۔