اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا ڈوزیئر پیش کر دیا ہے، جوہر ٹاؤن لاہور واقعہ میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں اور اس واقعہ کے ذمہ داران بھارت کی پناہ میں ہیں، ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں.
بھارت دہشت گرد تنظیموں کی مدد کرتا ہے، عالمی برادری اسکا احتساب کرے، بھارت خطے میں موجود دہشت گرد تنظیموں کو پاکستان کیخلاف معاونت فراہم کررہا ہے،عالمی برادری اس کیخلاف کارروائی کرے
بھارت کی تخریب کاریوں پر خاموش نہیں رہیں گے، یہ پڑوسیوں کے گھر جلائینگے تو شعلے انکے گھر بھی جائینگے، خطے میں غربت سمیت کئی گھمبیر چیلنجز کا سامنا ہے،ہمارا ہمسایہ دہشت گردی کو ہوا دیکر اقتصادی ترقی روکنا چاہتا ہے، جوہر ٹاؤن واقعہ کے ذمہ داران نئی دہلی کی پناہ میں ہیں،بھارت روگ ایک اسٹیٹ ہے، یہ کچھ بھی کر سکتا ہے، اس کےاقدامات سے پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کو سنگین خطرات ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس خطہ میں واقع ہے جہاں بہت سارے چیلنجز ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور پاکستان نے اس جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو پاکستان میں پکڑا گیا، اس نے پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کیا.
گذشتہ تین سال کے دوران بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی مدد سے سکیورٹی فورسز کے 211 افراد کو نشانہ بنایا گیا، پی سی ہوٹل گوادر سمیت دہشت گردی کے مختلف واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا نشانہ بنا جبکہ بھارت نے دہشت گردی سے فائدہ اٹھایا، بھارت دہشت گردی سے متاثر ہونے کا پروپیگنڈا کرکے خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ سمجھوتا ایکسپریس بھارتی ہٹ دھرمی کا کھلا ثبوت ہے، بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں سب کے سامنے ہیں، بھارت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کا قتل اور ریپ کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالاکوٹ میں کچھ بھی نہیں تھا لیکن بھارت نے انتخابات سے قبل بالاکوٹ پر حملہ کیا، بھارت ایک روگ اسٹیٹ ہے، یہ کچھ بھی کر سکتا ہے، بالاکوٹ میں اسے منہ کی کھانا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی پھیلانے والا بڑا ملک ہے، اس کا ایجنٹ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جس کے ثبوت موجود ہیں، وہ دہشت گردی سے متاثر ہونے والے ملک کا کارڈ کھیل رہا ہے حالانکہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، ہم نے ثبوتوں کے ساتھ بھارتی دہشت گردی کی معلومات فراہم کی ہیں، ان ثبوتوں سے بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورہ امریکہ کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جی۔77 پلس چین گروپ کے اجلاس میں بھارتی دہشت گردی کا معاملہ اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 سال میں بھارت نے پاکستان کو کیا پیغام دیا ہے، وہ یہ پیغام ہے کہ بھارت نے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات کئے، بالاکوٹ پر حملہ کیا، عالمی برادری کو اس کا ادراک کرنا چاہئے۔