کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) کراچی میں پاکستان کرکٹ کرچی کرچی ہوکر بکھر گئی۔ انگلینڈ نے مشکل پچ پر تیسرا ٹیسٹ باآسانی آٹھ وکٹ سے جیت کر بابر اعظم کی ٹیم کو زمین بوس کردیا اور نئی تاریخ رقم کردی۔ پاکستان کو70سال میں پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر تین صفر سے وائٹ واش ہوا ہے۔ تاریخ کی بدترین اور شرم ناک ٹیسٹ کارکردگی پیش کرنے والی پاکستان ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر154ٹیسٹ میں پہلی بار لگاتار چوتھے ٹیسٹ میں شکست ہوئی۔9 ماہ میں پاکستانی ٹیم کو دوسری ٹیسٹ سیریز میں ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔ مارچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ایک صفر سے ہار کے بعد پاکستان کو پاکستان میں لگاتار دوسری سیریز میں سیریز ہوئی۔ بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلش ٹیم نے سیریز میں جارحانہ انداز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو دو صفر سے شکست دی تھی۔ دو سیریز سے ہارنے سے قبل پاکستان نے ویسٹ انڈیز اور سری لنکا میں سیریز ایک ایک سے برابر کی تھی۔ پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 167رنز کا ہدف دیا تھا۔ منگل کو انگلش ٹیم کو جیت کے لئے55رنز اور پاکستان کو 8وکٹ کی ضرورت تھی۔ مہمان سائیڈ نے بقیہ رنز38 منٹ اور67 گیندوں پر بغیر کسی نقصان کے بنالئے۔ ابرار احمد کی گیند پرسلمان علی آغا نے بین اسٹوکس کا 22رنز پر کیچ ڈراپ کیا۔ انگلینڈ نے کسی مشکل کے بغیر ہدف کو دو وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ہیری بروک نے سیریز میں93کی اوسط سے467رنز بنائے انہیں پلیئر آف دی سیریز اور پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ بروک نے سیریز کے تین ٹیسٹ میں تین سنچریاں بنائیں۔ بین ڈکٹ 78گیندوں 12گیندوں پر82ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ بین اسٹوکس نے تین چوکوں کی مدد سے43گیندوں پر35ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ بین ڈکٹ نے محمد وسیم کو چوکا مار کر وننگ اسٹروکس کھیلا۔ بین ڈکٹ اور بین اسٹوکس کی تیسری وکٹ کی پارٹنر شپ میں73رنز بنے ۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 78رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز میں ابرار احمد نے17اورزاہد محمود نے بارہ وکٹ لئے لیکن ان کی یہ کارکردگی پاکستان کو جیت دلانے کے لئے ناکافی تھی۔ انگلش بیٹرز نے پاکستانی بولنگ کو بے اثر کردیا۔ سیریز میں مجموعی طو پر بین ڈکٹ نے357، اولی پوپ نے238 اورزیک کرالی نے235رنز بنائے۔ انگلش بولروں میں اولی رابنسن نے 9، جیمز اینڈرسن اور مارک ووڈ نے8،8اور ریحان احمد نے ایک ٹیسٹ میں سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 216 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ ریحان احمد نے پانچ وکٹ حاصل کئے وہ ڈیبیو پر پانچ وکٹ لینے والے دنیا کے کم عمر بولر بن گئے۔