کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے آصف زرداری، چوہدری شجاعت اور گورنر پنجاب سے ٹیلیفونک رابطے کئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تینوں رہنماؤں کو فون کیا اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اسمبلی اجلاس کو غیر آئینی قرار دینے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے گورنر بلیغ الرحمان کو کچھ اہم ہدایات دیں۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومتی رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے آئین اور قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائیگا۔ حکومتی رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ آئین کا آرٹیکل 130 اور پنجاب اسمبلی کے قواعد واضح ہیں، اور اگر پرویز الٰہی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کرینگے۔