• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان ہمارے لیڈر، ان کی آوازپر لبیک کہیں  گے، پرویز الٰہی

لاہور( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں، ان کی آواز پر لبیک کہیں گے‘پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق)کا اتحاد مضبوط ہے، دراڑ ڈالنے کی ہر کوشش پہلے کی طرح ناکام ہوگی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پنجاب کابینہ کے 7ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کابینہ کے اجلاس میں محکمہ اسکول ایجوکیشن میں25ہزار اساتذہ بھرتی کرنے‘عام آدمی کو فری لیگل ایڈفراہم کرنےکی منظوری دی گئی۔تفصیلات کے مطابق کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرویزالٰہی کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت عوام کی خدمت کے فریضے کو بخوبی سرانجام دے رہی ہے۔ہم سب ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق)کا اتحاد عوام کی خدمت کیلئے ہے۔ کوئی بھی سازش پنجاب کے عوام کی خدمت سے ہمیں روک نہیں سکتی۔ سازشیں کرنے والے منہ کی کھائیں گے۔ پنجاب کابینہ نے عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے لئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے عام آدمی کو فری لیگل ایڈفراہم کرنے کی منظوری دی اور اس ضمن میں پنجاب پبلک ڈیفنڈر سروس بل، 2022 کی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ نے کاشتکاروں کے لئے سولر پمپس کی فراہمی کے پروگرام کا دائرہ کار صوبہ بھر میں بڑھانے کی منظوری دی ۔اجلاس میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے لئے نئی پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پنجاب کابینہ نے2 ارب روپے کا سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی ۔اجلاس میں IRMNCH اور نیوٹریشن پروگرام پنجاب کی لیڈی ہیلتھ سپروائزرز کو خصوصی الاؤنس دینے کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے خصوصی الاؤنس کو 5ہزار روپے تک بڑھانے کی منظوری دی۔اجلاس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر (PILAC) کیلئے25کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ نظرثانی شدہ پنجاب گورنمنٹ ایڈور ٹائزمنٹ پالیسی 2020 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔
اہم خبریں سے مزید