• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے تماشے نے پورے ملک کو تماشا بنادیا ،سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے درمیان غربت، بے روزگاری، مہنگائی پر اتفاق، کرسی اور مفادات پر اختلاف ہے، تینوں کی نظر پنڈی کے گیٹ نمبر4سے نہیں ہٹ رہی۔ پنجاب کے تماشے نے پورے ملک کو تماشا بنا دیا،حکومت وزیراعلیٰ کی ہو یا گورنر راج، عوام کے لئے کوئی ریلیف نہیں۔مجموعی سیاسی اور اقتصادی صورت حال بحران کا شکار، ڈار ڈالر لائے نہ کہیں شہباز سپیڈ نظر آئی۔ وہ منصورہ میں مختلف وفود اور سندھ کے طلبہ سے ملاقات کر رہے تھے۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر بھی اس موقع پر موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، لوگوں کی قوت خرید ختم ہو گئی، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، ضروری ادویات غائب، فی کلو آٹا 130روپے کلو تک پہنچ گیا ہے، تاجرکنگال، کاشتکار پریشان اور پڑھے لکھے نوجوان مستقبل سے مایوس بیرون ملک جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حالات کی سنگینی سے ہر پانچواں شہری ڈپریشن کا شکار ہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں مندی اور شرح نمو نیچے جا رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 6.7ارب ڈالر سے نیچے، ترسیلات زر اور برآمدات میں کمی اور مجموعی قرضہ 62ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔ سندھ میں متاثرین سیلاب کو تاحال ریلیف نہیں ملا، کراچی اور اندرون سندھ لوگ مایوسی کا شکار ہیں۔ حکمرانوں نے امداد اپنے بنگلوں میں رکھی ہوئی ہے۔عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ اسی فرسودہ نظامِ کیساتھ رہنا ہے یا انہیں اسلامی فلاحی پاکستان چاہئے۔
اہم خبریں سے مزید