اسلام آباد، گوجر خان ( نمائندہ خصوصی ، نمائندہ جنگ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت جمعرات کوپارلیمنٹ ہاؤس میں پنجاب یونیورسٹی گوجر خان کیمپس کے قیام کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی گوجر خان کے ذیلی کیمپس کے قیام کے لیے فنڈز اور کلاسز کے اجراء سے متعلق دیگر امور کو زیر بحث لایا گیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ خطے کے عوام پنجاب یونیورسٹی گوجر خان کے کیمپس کے قیام کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کیمپس کے قیام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔گوجرخان سے نمائندہ جنگ کے مطابق راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اگلے سال مارچ سے گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کی کلاسز شروع ہو جائیں گی۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے گوجرخان کیمپس کے لیے فنڈز مختص کر دیئے گئے اور اگلے ایک ہفتے کے دوران بلڈنگ کا انتخاب بھی ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قاضی شوکت محمود کی سماجی شعبے میں بڑی خدمات ہیں اور پنجاب یونیورسٹی کے گوجرخان کیمپس کے لیے بھی یہ کافی عرصے سے تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں۔