کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساؤتھی پہلی بار ٹیسٹ میچ میں کپتانی کریں گے۔وہ انگلینڈ کی تقلید کے بجائے خود کو سوٹ کرنے والی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم میں بابر اعظم کے ساتھ ٹرافی کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو کمزور نہیں سمجھتے۔ فائنل الیون کا فیصلہ صبح کنڈیشن دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔ انگلینڈ نے پاکستان میں جارحانہ کرکٹ کھیل کر سیریز جیتی، امید ہے کہ ہم بھی اچھی پرفارمنس دیں گے۔ ملکی ٹیم کی کپتانی اعزاز ہے، کوشش ہوگی جیت سے آغاز کریں ۔ پاکستان کو ہوم گراؤنڈ میں شکست دینا آسان نہ ہوگا، کراچی وکٹ اسپنرز کے لیے ساز گار رہتی ہے اس لیے اسپنرز کو موقع دیں گے۔ ہم وہ کرکٹ کھیلیں گے جو ہمیں سوٹ کرے گی۔ ایشیا ئی کنڈیشن مختلف ہوتی ہیں،یہاں آ کر کھیلنا ہمیشہ چیلنج ہوتا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف مشکل سیریز کے بعد پاکستان کم بیک کی کوشش کرے گا۔