کراچی (اسٹاف رپورٹر )بینظیر کی برسی میں شرکت کے لئے قافلے لاڑکانہ روانہ ہو گئے۔صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ گڑھی خدابخش میں 27 دسمبر کو ایک عظیم الشان جلسہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی شہید چیئر پرسن بےنظیر بھٹو کی 15 ویں برسی میں شرکت کے لئے کراچی سمیت ملک بھرسے پیپلزپارٹی کے قافلے گڑھی خدابخش کے لیےروانہ ہوگئے،کراچی سے پیر کو پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کا بڑا قافلہ گڑھی خدابخش روانہ ہوگا۔پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی،پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، آصف خان، نجمی عالم خلیل ہوت ڈسٹرکٹ کے صدور و جنرل سیکرٹریز، لیڈیز ونگ، پیپلز یوتھ و دیگر ذیلی تنظیموں کے عہدیداراپنے اپنے علاقوں سے روانہ ہونے والے قافلوں کی قیادت کررہے ہیں ۔ گڑھی خدابخش روانہ ہونے والے پیپلزپارٹی کراچی کے قافلے کا خیرمقدم کرنے کے لیے سہراب گوٹھ پراستقبالیہ کیمپ قائم کیا گیا ۔ سعید غنی کا کہناہے کہ گڑھی خدابخش میں 27 دسمبر کو ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوگا، جس سے پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین صدر آصف علی زرداری، پارٹی کے مرکزی قائدین و دیگر خطاب کریں گے۔ پیر کوکراچی سے 200 سے زائد بسیں، بڑی تعداد گاڑیاں اور ٹرینوں سے قافلے گڑھی خدابخش روانہ ہورہے ہیں۔