کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان،نیوزی لینڈ کے مابین کرکٹ میچز کیلئے سیکورٹی پلان مرتب کر لیا گیا،اعلامیہ کے مطابق میچوں کے دوران مجموعی طورپر3500 سے زائد پولیس اہلکار مامور ہونگے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اورنیوزی لینڈ کے مابین آج سے کراچی میں شروع ہونے والے کرکٹ میچز کے حوالے سے جامع سیکورٹی پلان مرتب کرلیا گیا۔سیکورٹی پلان کے مطابق مجموعی طورپر3500 سے زائد پولیس اہلکار سیکورٹی پرمامورہونگے۔ ایس ایس یو کے 850 کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز سمیت سیکورٹی ڈویژن کے 1500، ٹریفک پولیس کے 1537، اسپیشل برانچ کے 394 اور ڈسٹرکٹ پولیس کے اہلکار دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ نیشنل بینک کرکٹ ایرینا، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف مقامات پر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں جبکہ ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات ہیں۔ترجمان کے اعلامیے کے مطابق جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز پرمشتمل اسپیشل ویپن اینڈٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈکوارٹرزمیں الرٹ رہے گی ۔اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سلینڈر نصب گاڑیوں کے داخلے اور ہر قسم کے ڈرون کیمروں کے استعمال پرسخت پابندی ہے۔ سرشاہ سلیمان روڈکے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔