لاہور( این این آئی) پنجاب حکومت نے مری میں8ہزار سے زائد گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی جبکہ برفباری کے دوران چین مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ۔
ریلیف کمشنر پنجاب نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت مری میں برف باری کے بارے میں پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید، سیکرٹری ریونیو ، ڈی سی مری ، ریسکیو 1122 سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈی سی مری نے مری میں برف باری میں انتظامات بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں،سنٹرل کنٹرول روم قائم کر دیا گیا اور پی ڈی ایم کے پراونشینل کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے
ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 ، پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار اضافی تعداد میں تعینات کیے گئے ہیں۔