لاہور (نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کرنیکا حکم دیدیا،عدالت نے نوٹیفکیشن جاری کرنیکا حکم دیدیا، عدالت نے محکمہ ماحولیات سےاسموگ کی مانیٹرنگ کیلئے کیمروں کی خریداری کے بارے میں تخمینہ لاگت کی رپورٹ مانگ لی، اسموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ممبر جوڈیشل کمیشن نے موقف اپنایا کہ عدالتی ہدایت پر محکمہ ایجوکیشن کو گزشتہ روز لیٹر لکھا، لیکن ابھی تک ان کا چھٹیوں بارے تحریری نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، جس پر وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ عدالت کی ہدایت پر متعلقہ محکمے کو عدالتی حکم بارے آگاہ کرتے ہیں وہ تحریری آرڈرز مانگتے ہیں، عدالتی حکم جونہی تحریری حکم جاری کرے گی، عدالتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے، عدالت نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے کیمروں کے ذریعے سموگ کی مانیٹرنگ کرے، عدالت نے ریمارکس دیئے اسموگ کو کافی حد تک کنٹرول کیا گیا ہے اوراسموگ پر قابو پانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔اہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تھیٹر رات ساڑھے 11 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دے دی،آئندہ سماعت 30 دسمبر کو ہوگی،پنجاب آرٹسٹ پروڈیوسر تھیٹرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر عدالت نے حکم دیا کہ ضلعی انتظامیہ تھیٹر رات ساڑھے 9 سے ساڑھے 11 بجے تک کھلا رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے اور رات 10 بجے کے بعد کھلنے والے تھیٹرز کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس معطل کیے جائیں،درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ایسا کوئی حکم نہیں دیا کہ تھیٹرز رات10 بجے بند کر دئیے جائیں،دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے کمرشل ایریاز بند کرنے کا حکم دیا تھا اور آپ نے تھیٹر بھی بند کروانے شروع کردئیے، اسموگ کے تدارک کے لیےاقدامات کر رہے ہیں، بڑوں اور بچوں کا معاملہ ہے، سب کچھ شہریوں کے لیے کر رہے ہیں، اسموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے شہری بھی اپنا لائف اسٹائل بدلیں۔