اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بے نظیر بھٹو کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں، انہوں نے صبر آزما حالات میں بھی ایک بہادر بیٹی، ماں، اہلیہ اور بہن کے رشتے بڑی خوبی اور جرأت سے نبھائے، بےنظیر بھٹو سیاست میں تدبر، بہادری اور جدوجہد کی روشن مثال ہیں، وہ آخری سانس تک وفاق کی زنجیر بن کر پاکستان کے اتحاد، ترقی اور خوشحالی کیلئے برسرپیکار رہیں۔منگل کو بے نظیر بھٹو کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ بے نظیر بھٹو خواتین سیاسی کارکنوں کیلئے ایک تحریک کا درجہ رکھتی تھیں جنہوں نے ہمیشہ آمریت کو للکارا۔ بے نظیر بھٹو نے ذاتی زندگی میں بھی بہت دکھ سہے۔