• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا اور اٹلی نے بھی چینی مسافروں کیلئے کووڈ ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا، یورپی یونین کی مخالفت

کراچی ، اسٹاک ہوم (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) امریکا اور اٹلی نے بھی چین سے آنے والے مسافروں کے لئے کورونا کا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے، جاپان، انڈیا ،ملائیشیا اور تائیوان نے بھی چینی مسافروں کیلئے کووڈ ٹیسٹ کی شرط عائد کردی ہے ، یہ اعلان چین میں کورونا کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد سامنے آیا ہے، چین میں اسپتال کورونا کے مریضوں سے بھرگئےہیں جس نے خاص طور پر بزرگوں کو سخت متاثر کیا ہے، یورپی یونین کی صحت سے متعلق ایجنسی نے چین سے آنے والے مسافروں کی کورونا اسکریننگ لازمی قرار دیئے جانے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے ، یورپ میں بیماریوں سے بچائو اور اس پر قابو پانے کیلئے قائم ادارے (ای سی ڈی سی) کا کہنا ہے کہ امریکا اور اٹلی کی جانب سے چین سے آنے والے مسافروں پرکووڈ ٹیسٹ کا لازمی قانون متعارف کروائے جانے کے باوجود یورپی یونین کو ایسے اقدامات کرنے کے ضرورت نہیں ہے۔ قبل ازیں امریکا میں صحت کے تحفظ کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے ’یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن‘ نے اعلان کیا کہ ’پانچ جنوری سے چین سے آنے والے تمام فضائی مسافروں کو روانگی سے قبل ایئر لائنز کو ایک نیا منفی کووِڈ ٹیسٹ فراہم کرنا ہوگا۔‘ایک سینئر امریکی محکمہ صحت کے اہلکار نے صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا کہ ’چین میں کورونا وائرس کی منتقلی میں حالیہ تیزی سے اضافہ نئے ویریئنٹ کے سامنے آنے کے امکانات کو بڑھاتا ہے۔‘تاہم اہلکار کا کہنا تھا کہ ’بیجنگ نے عالمی ڈیٹا بیس کو محدود ڈیٹا فراہم کیا ہے، اور اس کی جانچ اور نئے کیسز کی رپورٹنگ بھی کم ہو گئی ہے۔‘امریکا کا یہ اقدام اٹلی، جاپان، انڈیا اور ملائیشیا کی جانب سے چین سے کووڈ 19کے نئے ویریئنٹ سے بچاؤ کے لیے اقدامات کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔اٹلی کے وزیر صحت اورازیو شلاسی نے کہا ہے کہ ’میں نے چین سے آنے والے اور اٹلی سے گزرنے والے تمام مسافروں کیلئے لازمی کووڈ 19 ویکسین کا حکم دیا ہے۔‘تائیوان کا کہنا ہے کہ وہ بیجنگ سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کرے گا۔بیلجیم کے دارالحکومت بروز کے میئر ڈرک ڈی فاؤ جو چینی سیاحوں میں مقبول ہیں، نے چینی مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ یا ویکسی نیشن کی ضرورت پر زور دیا۔
اہم خبریں سے مزید