• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کا حکومتی فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،یہ عمل پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہوگا جس سے حکومت کو منافع ہوگا، مسافروں کو بھی سہولتیں میسر آئیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نےا بتدائی طور پر ملک تین بڑے ہوائی اڈوں جناح انٹرنیشنل کراچی، اسلام آباد انٹرنیشنل اور علامہ اقبال انٹرنیشنل لاہور کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آؤٹ سورسنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیر اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روزہوا بازی اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے امور پر منعقدہ اجلاس کے دوران دی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دنیا بھر میں ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ معمول کا منافع بخش عمل ہے اور اسے انٹرنیشنل بیسٹ پریکٹسز میں شمار کیا جاتا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر ملک کے دو بڑے ہوائی اڈوں جناح انٹرنیشنل کراچی اور اسلام آباد انٹرنیشنل کی آؤٹ سورسنگ کی جا ئے گی اور یہ عمل پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کیا جا ئے گا۔

آؤٹ سورسنگ سے ناصرف حکومت کو منافع ملے گا بلکہ ائرپورٹس پر مسافروں کو بین الاقوامی سطح کی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔

 وزیراعظم نے آؤٹ سورسنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اس سلسلے میں تیز تر اقدامات کریں اور اس تمام عمل میں شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے۔ 

ایئر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ کا عمل مؤثر اور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم نے خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی جس کی صدارت خود وزیراعظم کرینگے ۔

 کمیٹی میں وفاقی وزیر ہوا بازی سعد رفیق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی سیکرٹری ہوا بازی ڈویژن اور وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی شامل ہونگے،اجلاس کوپاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی کارکردگی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ پی آئی اے نے سال 2022 کے دوران 172 بلین روپے کا ریونیو حاصل کیا جو پی آئی اے کی تاریخ کا اب تک کا سب سے زیادہ ریونیو ہے۔پی آئی اے پر یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی طرف سے لگائی گئی پابندی ختم کروانے کے حوالے سے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید