• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلطیوں کوسدھار کر نئی شروعات کی جائیں، وزیراعظم

اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم شہبازشریف نےقوم کونئےسال پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہےکہ غلطیوں کوسدھار کر نئی شروعات کی جائیں،ہم سب کو ملکر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے، وزیراعظم نے نئے سال کے آغاز پراپنے پیغام میں کہا کہ سال نوکے آغاز پر معاشی صورتحال کی بہتری، سیلاب زدگان کی بحالی، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کی تکلیفوں میں کمی کیلئے شبانہ روز محنت کاعہد کرتے ہوئے کہاہے کہ دعا ہے کہ نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، جنگ، دہشت گردی، جرم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو، 2023 کا سورج ہمارے ملک پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی خوشخبری لے کر طلوع ہو،نئے سال میں ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں گزشتہ سال کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات ہو جس میں ہم ماضی کے غموں کو بھلا کر ایک نئے اور روشن مستقبل کا آغاز کریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ان کی یہ بھی دعا ہے کہ 2022 میں دنیا کو جن معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے کیلئے مثبت پیش رفت ہو، نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، جنگ، دھشتگردی، جرم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ نئے سال کے آغاز میں ہم یہ وعدہ کریں کہ اس ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، یہ ملک ہماری پرکھوں کی امانت ہے، ہم اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی میں اپنا خون پسینہ ایک کریں گے۔ پاکستان پائندہ باد۔
اہم خبریں سے مزید