کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز ورلڈکپ سے قبل 20 کھلاڑیوں کے نام شارٹ لسٹ کرلیے ۔کوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سربراہ راجر بنی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔جس میں دوطرفہ سیریز اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں جبکہ ممکنہ 20 کھلاڑیوں کے نام بھی شارٹ لسٹ کیے جارہے ہیں۔ اجلاس میں ورک لوڈ مینجمنٹ کی پالیسی پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق کیا۔ ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت پلیئرز لوکل لیگ کو چھوڑ سکتے ہیں۔ ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑی آئی پی ایل کے کچھ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ کرکٹرز کی ٹیموں میں سلیکشن کے لیے یویو ٹیسٹ اور ڈیکسا کو لازمی قرار دے دیا گیا ۔