اوکاڑہ(نمائندہ جنگ)اوکاڑہ میں اغواء کئے گئے 6سالہ بچے کو تاوان نہ ملنے پر2سفاک ملزمان نے گردن کاٹ کر قتل کر دیا ،ڈی پی او کے نوٹس پردونوں ملزم گرفتار، 4 لاکھ روپے تاوان مانگے جانے کی تصدیق ، گارڈن ٹاؤن اوکاڑہ کی کچی آبادی کے رہائشی محمد عباس کا 6 سالہ بیٹا حسن علی گھر سے باہر دکان سے چیز لینے گیا جہاں سے ملزمان نے اغواء کر لیا،محمد عباس نے اغواء کا مقدمہ تھانہ بی ڈویژن میں درج کرایا،پولیس بچے کی تلاش کیلئے سرگرداں تھی کہ قصبہ 42 تھری آر کے قریب راجباہ سے حسن علی کی گردن کٹی لاش ملی جسے پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا،ڈی پی او اوکاڑہ نے سنگین ترین وقوعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی ہر صورت گرفتاری کا حکم دیا ، جس پر پولیس نے دونوں ملزم عقیل اور ارشاد کو گرفتار کر لیا،ڈی پی او فرقان بلال نے ملزمان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ کم سن حسن علی کو اغواء کرنے کے بعد ملزمان نے ورثاء سے 4 لاکھ روپے تاوان مانگا، نہ ملنے پر ملزمان نے بچے کو سفاکیت سے قتل کر کے لاش راجباہ میں پھینک دی،ڈی پی او نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ دونوں ملزمان گرفتار کر لئے ،جن سے مزید تفتیش جاری ہے،اعلیٰ پولیس افسران اور شہری حلقوں کی طرف سے سفاک قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے پر ڈی پی او اور ان کی پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔