• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم دھڑے اپنی مرضی سے اکٹھے ہو رہے ہیں، سلیم مانڈوی والا

کراچی (ٹی وی رپورٹ)پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ عمران خان دور میں اسٹیبلشمنٹ نے تین دفعہ آصف زرداری کو طبی بنیادوں پر باہر جانے کیلئے کہا ، آصف زرداری نے تینوں دفعہ باہر جانے سے انکار کردیا، ایم کیو ایم کے دھڑے اپنی مرضی سے اکٹھے ہورہے ہیں،پیپلز پارٹی کو کراچی میں نئی حلقہ بندیوں پرکوئی اعتراض نہیں ہے۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال،وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق،سینئر تجزیہ کار ، اینکر پرسن جاوید چوہدری بھی شریک تھے جبکہ سربراہ گوادر حق دو تحریک مولانا ہدایت الرحمٰن کا ویڈیو پیغام بھی پروگرام میں شامل کیا گیا۔احسن اقبال نے کہا کہ ایم کیو ایم کی حلقہ بندیوں سے متعلق شکایات کو رفع کیا جائے گا،قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کوئی وزیراعلیٰ نہیں تھا، نواز شریف کسی انڈراسٹینڈنگ یا ڈیل کے نتیجے میں باہر نہیں گئے،حکومت دس جماعتی اتحاد کی جمہوری طاقت سے مشکل فیصلے کررہی ہے، ٹیکنوکریٹس جو مشکل فیصلے کریں گے اس کا کون دفاع کرے گا۔امین الحق نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں، ایم کیو ایم کا سب سے بڑا مطالبہ نئی حلقہ بندیاں ہیں، حلقہ بندیاں آئین اور قانون کے مطابق ہونی چاہئیں۔جاوید چوہدری نے کہا کہ جنرل فیض حمید نے آصف زرداری کو طبی بنیادوں پر باہر جانے کیلئے کہا تھا، ایم کیو ایم کے مطالبات مان لیے جائیں گے وہ حکومت کا ساتھ نہیں چھوڑے گی، پی ڈی ایم نے ایم کیو ایم کو گورنر سندھ اور میئر کراچی کی پوزیشنز دینے کا وعدہ کیا تھا، فوج نیوٹرل ہے ایم کیو ایم کے دھڑے خود ہی ایک دوسرے سے مل رہے ہیں، ٹیکنوکریٹس حکومت کی تجویز شبر زیدی کی طرف سے آئی ہے۔سربراہ گوادر حق دو تحریک مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا کہ ہمارے خلاف 26دسمبر سے شروع ہونے والا آپریشن تاحال جاری ہے، ہمارے سیکڑوں کارکنان گرفتار اور لاپتہ ہیں، گوادر محاصرے میں ہے کرفیو کا سماں ہے، ہم آئین پاکستان کے تحت اپنے حقوق مانگنے کیلئے میدان میں آئے ہیں،انسانی حقوق کی تنظیموں، میڈیا، وکلاء برادری اور قومی قیادت سے گزارش ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیں۔حامد میر نے پروگرام کے دوران بتایا کہ میرے پاس راولپنڈی سے ایک میسج آیا ہے جس میں طویل مدت کی نگراں حکومت کے بارے میں "Bullshit" کہا گیا ہے۔پیپلز پارٹی رہنما سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کراچی میں نئی حلقہ بندیوں پرکوئی اعتراض نہیں ہے، ایم کیو ایم کو نئی حلقہ بندیوں کیلئے ہوم ورک کرنے کا کہا تھا، کراچی کا میئر پیپلز پارٹی سے ہونے کا بلاول بھٹو کا بیان سیاسی ہے، کراچی کا میئر اسی جماعت کا ہوگا جو زیادہ نشستیں جیتے گی، ایم کیو ایم کوگورنرشپ کے ساتھ کراچی کی میئرشپ بھی دے چکے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید