• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توہین الیکشن کمیشن کیس، عمران، اسد عمر، فواد کے خلاف آئندہ عدم پیشی پر انتخابی کمیشن کا وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(اے پی پی)الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ‘اسدعمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں ملزمان کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدم حاضری پر وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے چار رکنی بنچ نے منگل کوکیس کی سماعت کی۔ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری میں سے کوئی بھی ملزم پیش نہیں ہوا جس پر بنچ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چار ماہ ہو گئے ہیں جبکہ ملزمان بنچ کے سامنے پیش نہیں ہو رہے‘تاریخ تاریخ کھیلنے سے تو معاملہ حل نہیں ہوگا‘ بنچ نے عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ اور شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت17جنوری تک ملتوی کر دی۔ صباح نیوزکے مطابق ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار احمد درانی کی سربراہی میں ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ اور ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا جسٹس (ر) اکرام اللہ خان پر مشتمل چار رکنی بینچ نےکیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل سید محمد علی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت اجازت نہیں دیتی کہ وہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں، فواد چوہدری کی والدہ علیل اوراسپتال میں داخل ہیں جبکہ اسد عمر کی کراچی سے آنے والی فلائٹ تاخیر کا شکار ہو گئی ہے جس کی وجہ سے وہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہو رہے ۔ وارنٹ جاری نہ کریں۔ عمران خان اور فواد چوہدری کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے‘ دوران سماعت بینچ کے سربراہ نثار درانی کا کہنا تھا کہ چار ماہ سے کیس زیر سماعت ہے، کیوں فریقین پیش نہیں ہورہے؟ عمران خان اپنا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کروائیں، جو شوکازنوٹس جاری کیا گھا تھا اس کا جواب بھی آئندہ سماعت سے قبل جمع کروایا جائے۔بینچ کا کہنا تھا کہ ستمبر سے یہ کیس زیر سماعت ہے، ابھی تک توہین عدالت نوٹس کے جواب تک نہیں کرائے گئے، کیس نہیں چلانا تو ہم حتمی فیصلہ دے دیتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید