• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائٹ پیپر کالے کرتوت سفید نہیں کرسکتا، عمران توشہ خانے کا بھی ذکر کرتے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کوئی وائٹ پیپر عمران خان کے کالے کرتوتوں پر پردہ نہیں ڈال سکتا، کالے ذہن، کالے کرتوت اور کالا جادو کرنے والے مسٹر اینڈ مسز نے ملک کو معاشی دیوالیہ کے قریب پہنچایا، عمران خان توشہ خانہ کا بھی ذکر کرتے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت 2018ء میں 6.1 فیصد پر ترقی کرتا ہوا ملک چھوڑ کر گئی تھی، مہنگائی کی شرح 3.8 فیصد کی کم ترین سطح پر تھی، 14 ہزار میگاواٹ بجلی بنا کر گئے تھے۔ دہشت گردی کی کمر توڑ کر پاکستان کو پرامن، خوشحال اور ترقی کرتا ہوا ملک چھوڑ کر گئے تھے۔ وائٹ پیپر میں بتانا چاہئے تھا کہ انہیں کس طرح کا ملک ورثہ میں ملا تھا، عوام کو کون بتائے گا کہ عمران خان کے دور میں مہنگائی 15 فیصد تک پہنچی، اپنے دور میں ہونے والی معاشی تباہی کا ذکر کس وائٹ پیپر میں درج کریں گے؟ہم عمرا ن حکومت کے چار سالہ دور کا وائٹ پیپر جاری کرینگے۔منگل کو یہاں عمران خان کے خطاب پر ردعمل میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان لوگوں نے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو اجاڑ کر رکھ دیا، 2013ءسے 2018ءتک پاکستان معاشی طور پر ترقی کر رہا تھا، تمام معاشی اشاریئے مثبت تھے، ملک میں مہنگائی کی شرح کم ترین سطح پر تھی لیکن جب عمران خان اقتدار میں آئے تو انہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا۔ کوئی وائٹ پیپر عمران خان کی دی ہوئی معاشی تباہی، کرپشن اور چوری کو سفید نہیں کر سکتا۔ مسلم لیگ (ن) 2018ءمیں 6.1 فیصد پر ترقی کرتا ہوا ملک چھوڑ کر گئی تھی، سی پیک کے منصوبے کامیابی سے چل رہے تھے، 14 ہزار میگاواٹ بجلی بنا کر گئے تھے، کھپت سے زیادہ بجلی اور گیس موجود تھی۔ ایک پرامن، خوشحال اور ترقی کرتا ہوا ملک چھوڑ کر گئے تھے، تمام عالمی جریدے پاکستان کی معیشت کو خطے میں بلند ترین معیشت قرار دے رہے تھے، ملک میں روزگار تھا، سی پیک اور بجلی کے منصوبے چل رہے تھے۔ آٹا 35 روپے کلو تھا اور چینی 52 روپے کلو مل رہی تھی۔ عمران خان نے ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 45 ہزار ارب روپے کے قرضے لئے۔وہ ترقی کی شرح پہلے سال منفی ڈیڑھ فیصد تک لے گئے، پاکستان کے عوام کو کیسے بتائیں گے کہ آپ نے بجلی کے یونٹ کی قیمت 11 روپے سے 26 روپے کر دی تھی۔ عمران خان نے چین، ترکی اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں پر نیب کو مسلط کیا، یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا وائٹ پیپر ان کے کالے اعمال اور کالی ذہنیت پر پردہ ڈال دے گا۔ خیبر پختونخوا میں آپ کی 9 سال سے حکومت ہے، دہشت گردی کے حوالے سے وہاں ایک محکمہ تک نہیں بن سکا۔

اہم خبریں سے مزید