اسلام آباد(مہتاب حیدر)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پلاننگ کمیشن کے افسران کو آگاہ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اکانومسٹ گروپ اور دیگر کیلئے ایگزیکٹو الاؤنس کی اصولی طور پر منظوری دے دی ہے اور انہیں جلد ہی الاؤنس مل جائے گا۔ اب مختلف وزارتوں میں کام کرنے والے اکانومسٹ گروپ کے افسران، وزارت خارجہ اور وزارت اطلاعات سے تعلق رکھنے والے افسران کو بیوروکریسی کے مختلف گروپوں میں امتیازی سلوک ختم کرکے 100 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس دیا جائے گا۔ پلاننگ کمیشن کے افسر مشتاق احمد راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پلاننگ کمیشن کے تمام افسران وزیر خزانہ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اپنے وعدے کا احترام کیا اور ایگزیکٹو الاؤنس میں امتیازی سلوک کا خاتمہ کیا۔ اب وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اعلان کے بعد پلاننگ کمیشن کے افسران نے بدھ (آج) سے اپنی قلم چھوڑ ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) اور او ایم جی کو فراہم کیے جانے والے 150 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس کو کم کرکے 100 فیصد کردیا جائے گا لہٰذا بیوروکریسی کے مختلف گروپوں کے درمیان امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے اکانومسٹ گروپ کو بھی 100 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس فراہم کیا جائے گا۔ حکومت نے 23-2022 کے بجٹ کے موقع پر گریڈ 17اور اس سے اوپر کے افسران کے لئے 150فیصد ایگزیکٹو الاؤنس کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں نوٹیفکیشن نے اس سہولت کو بیوروکریسی کے صرف طاقتور گروہوں تک محدود کردیا اور اکانومسٹ گروپ سے تعلق رکھنے والے افسران ، وزارت خارجہ اور وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران کو اس سے محروم کردیا۔ تاہم اس امتیازی سلوک کو ختم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا ، اب تمام افسران کو 100 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس ملے گا، ابھی تک اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ،امید ہے کہ وزارت خزانہ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے اپنے سابقہ سرکلر میں ترمیم کرے گی۔