اسلام آباد،لاہور (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراور وزیر اعظم شہباز شریف نے بڑا اعلان کرتے ہوئے مریم نواز شریف کو پارٹی کی سینئر نائب صدر مقررکر دیا ہے، پارٹی سربراہ کے دستخطوں سے تنظیمی فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ، شہباز شریف نے مریم نواز شریف کو پارٹی کی’’چیف آرگنائزر‘‘ مقرر کر تے ہوئے ہر سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کی ذمہ داری بھی سونپ دی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں نے مریم نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا سینئر نائب صدر مقرر کر دیا ہے، وہ پارٹی کے تنظیمی معاملات سنبھالنے کا حوصلہ، عزم اور تجربہ رکھتی ہیں۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ہمارے قائد نواز شریف کے وژن کے مطابق پارٹی کے عہدے کو موثر انداز میں نبھائیں گی۔ ادھروفاقی وزیر اطلاعات وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نےبھی منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پارٹی کے بڑے تنظیمی فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے مریم نواز شریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مقرر کر دیا ہے۔