کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے ازخود اے سی سی سالانہ کلینڈر کا اعلان کردیا، جس پر چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی چپ نہ رہ سکے، انہوں نے طنزکرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ جے شاہ کا یک طرفہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ شیڈول کے اعلان پر شکریہ، 2023ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہے، آپ ہمارے پی ایس ایل 2023 کا ڈھانچہ اور کیلنڈر بھی پیش کر سکتے ہیں،ردعمل قابل ستائش تصور کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ ایشیاکپ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، تیسری ٹیم کوالیفائر کی ہوگی ، دوسرے گروپ میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں۔ لیکن ٹورنامنٹ کے لئے مقام کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ستمبر میں ٹورنامنٹ پاکستان میں ہونا ہے۔ دلچسپ بات ہے کہ ایونٹ کی گروپنگ سے متعلق فیصلہ اے سی سی گورننگ بورڈ کی مشاورت کے بغیر نہیں ہوسکتا، بورڈ میں پاکستان بھی شامل ہے۔ اے سی سی کے صدر جے شاہ اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔ ایشین کرکٹ کونسل نے سالانہ کلینڈر اور پاتھ وے اسٹرکچر کا اعلان کرتے ہوئے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہی رکھی ہے۔ جون میں ویمنز ٹی20 ایمرجنگ ایشیاکپ بھی شیڈول ہے جس میں بھارت اے، پاکستان اے، تھائی لینڈ، ہانگ کانگ، بنگلہ دیش اے، سری لنکا اے، یوے ای اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ مردوں کے ایمرجنگ ٹیم ایشیاکپ 50 اوورز فارمیٹ کو جگہ دی گئی ہے، جس میں بھارت اے، پاکستان اے، سری لنکا اے ، کوالیفائر ون ایک گروپ میں ہیں، دوسرے گروپ میں افغانستان اے، بنگلہ دیش اے اور دو کوالیفائر ٹیمیں ہوں گی۔