اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی خاطر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے متعلق فریقین کو آج 6جنوری 2023ء کو بلا لیا ہے۔ امکانی طور پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اس اہم کیس کو سنیں گے۔ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ملتوی کئے گئے جبکہ حیدرآباد کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے حکومت سندھ کے ایڈووکیٹ جنرل‘ جماعت اسلامی‘ ایم کیو ایم‘ پاکستان پیپلز پارٹی نے تحریری عرضداشتیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیجی ہیں جن کو اکٹھا کر کے تینوں فریقین کی درخواستوں کی سماعت کیلئے 6جنوری کیلئے کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔ اس کیلئے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے آرڈر سی پی نمبر 841کے 2022مجریہ 17اگست 2022ء کے تحت نوٹس دیدیا گیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کراچی کے چیئرمین الیکشن سیل اور نائب امیر راجہ عارف سلطان منہاس کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے 15جنوری کو ہونیوالے دوسرے مرحلے کیلئے 6جنوری 2023ء کیلئے نوٹس کیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کو انکی طرف سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کیخلاف دی گئی درخواست جو کہ ڈبل الیکٹورل رول کے استعمال کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کیخلاف دی گئی درخواست پر 6جنوری 2023ء کو صبح 10بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ راجہ عارف سلطان منہاس ایڈووکیٹ جنرل حکومت سندھ اس سماعت کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے موقف کے بارے میں دلائل دینگے۔ تینوں سیاسی جماعتوں کے وکلاء اور رہنماؤں کے موقف کی سماعت کی جائیگی اور اس بارے میں فیصلہ اُسی روز محفوظ یا جاری کر دیا جائیگا۔ دریں اثناء الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 10جنوری 2023ء کو سماعت کیلئے رکھے گئے دو کیسوں کو کاز لسٹ سے نکال دیا ہے اور یہ دونوں کیس اب 11جنوری 2023ء کو سماعت کیلئے فکس کئے گئے ہیں۔ اس کیلئے جمال اکبر انصاری اور ایڈووکیٹ ہائیکورٹ ایم آفاق کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ 11جنوری کو پاکستان تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے عمران خان کو ہٹانے کی جمال اکبر انصاری‘ ایم آفاق کی درخواستوں کی سماعت کریگا۔ ان دونوں درخواستوں میں عمران خان کو پاکستان تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔ 11جنوری 2023ء کو جس دوسرے کیس کی سماعت ہو گی اس کا نوٹس علی عزیز وغیرہ کو جاری کیا گیا ہے جس میں الیکشن رولز 2017ء کے رول نمبر 58میں ترمیم تجویز کی گئی ہے۔ سندھ میں پہلے مرحلے میں 14اضلاع میں 26جون 2022ء کو بلدیاتی الیکشن بڑے خوش اسلوبی کے ساتھ الیکشن کمیشن نے کرائے تھے۔ سندھ میں یہ بلدیاتی الیکشن سندھ کے 14اضلاع گھوٹکی‘ سکھر‘ خیرپور‘ جیکب آباد‘ کشمور‘ قنبر‘ شہداد کوٹ‘ لاڑکانہ‘ شکار پور‘ نوشہرو فیروز‘ شہید بینظیر آباد‘ سانگھڑ‘ میرپور خاص‘ عمرکوٹ اور تھرپارکر میں کروائے جا چکے ہیں۔