کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ موجودہکپتان بابر اعظم کو کمزور کیا جارہا ہے جو نہیں چاہیے ۔ پریس کانفرنسز میں جو سوالات ہو رہے ہیں وہ سب دیکھ رہے ہیں، اگر کوئی فیصلہ کرنا ہے تو سب مل بیٹھ کر کر لیں، کھلاڑی ، سلیکشن کمیٹی اور بورڈ بیٹھیں اور آرام سے فیصلہ کر لیں۔ الگ الگ کپتان بنانے سے آپ بہت زیادہ چیزوں کو ہلا جلا دیں گے، ہمارے ہاں الگ الگ کپتان کرنے سے مقابلے بازی شروع ہو جاتی ہے، سیاسی ماحول بن جاتا ہے، چیزیں آسان نہیں رہتیں۔ منگل کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو میںانہوں نے کہا کہ صورتحال کا جائزہ لیں، اگر آپ کو لگتا ہے کہ تبدیلیاں ہونی ہیں تو کر لیں، پوری ٹیم ڈسٹرب ہو یہ نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے مل کر فیصلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میرے خون میں ہے ، اس لیے کھیل سے آگاہ رہتا ہوں، حال ہی میں تجربات کرنے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو نقصان ہوا ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں جو پرفارمنس رہی ہے وہ سب کے سامنے ہے، ٹیسٹ کی ٹیم بہت مشکل سے بنتی ہے ، آپ نے اس میں تبدیلیاں کر دیں، پاکستان کو تو ٹیسٹ میچز بھی کم ملتے ہیں۔ چار چار تبدیلیاں کریں تو اس سے بیٹنگ اور بولنگ یکسر تبدیل ہو جائے گی، تبدیلیوں سے نتائج حاصل نہیں ہو سکتے،وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان ٹیم بلاشبہ ایک طاقت ور نام ہے ۔