پشاور(نمائندہ جنگ)پشاور کے علاقہ پیپل منڈی میں 100سے زائد افراد نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کے چھاپہ مار ٹیم کو یرغمال بنا کرکرنسی کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث ملزم کو چھڑا لیا ،ملزم سے 13200امریکی ڈالراور28لاکھ سے زائد روپے کی رقم ودیگرغیرملکی کرنسی برآمد ہوئی تھی۔ پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر یرغمال عملے کو بازیاب کراکر یونین کے صدر سمیت100سے زائد افرادکیخلاف مقدمہ درج کرلیا اور دکان سیل کردی۔ تھانہ کوتوالی پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے انسپکٹر ایف آئی اے خالد سلیم نے بتایا کہ پیپل منڈی میں واقع دکان نمبر 6اشرف چائنہ ٹریڈرز میں مبینہ غیرقانونی کرنسی اسمگلنگ اورکرنسی ایکسچینج سے متعلق اطلاع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے پشاورنے چھاپہ مار ٹیم انسپکٹر ،سب انسپکٹر ، اے ایس آئی،ہیڈکانسٹیبل وغیرہ کے ہمراہ چھاپہ مارا۔