لاہور(مقصود اعوان)پنجاب کے وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی کی کامیاب حکمت عملی کے تحت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان موجودہ سیاسی صورتحال میں اسمبلیاں توڑنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے پر آمادہ ہو گئے ہیں، تاہم وہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد اپنے آئندہ حتمی لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ عمران خان سے چوہدری پرویز الٰہی کی ملاقات کے بعد ہی پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کی قیادت نے وزیر اعلیٰ پنجاب کےاعتماد کے ووٹ کا ایوان سے لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔عمران خان کی ہدایت پر مخدوم شاہ محمود قریشی ،فواد چوہدری اسد عمر حماد اظہر اور ثناءاللہ مستی خیل اور دیگر رہنما اعتماد کی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں سارا دن سرگرم رہے۔ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے عمران خان سے حالیہ ملاقات میں باور کرایا کہ وزارت اعلیٰ آپ کی بدولت ہے، آپ جب چاہیں اسمبلی توڑنے کا کہہ سکتے ہیں، آپ کا فیصلہ ہی حتمی ہوگا، اس پر عملدرآمد میں ایک منٹ نہیں لگاؤں گا۔