حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا وظیفہ غریبوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا،حیدرآباد کے بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر سینکڑوں خواتین اور مرد وں کی قطاریں لگ گئیں، وظیفے کے اہل افر، بینکوں کالنک ڈاؤن اوراے ٹی ایم مشینوں سے کیش ختم ہونے سمیت ٹیکنیکل مسائل معمول بن گئے، وظیفے کےاہل افرادسراپا احتجاج ہیں،قاسم آباد میں دھرنا دیکر روڈ بلاک کر دیا، گاڑیوں کی قطاریں لگنے سے شہریوں کو شدید مشکلات سے گذرنا پڑا، تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کی جانب سے غریب افراد کی کفالت کے لیے شروع کردہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے شہری مستفیضہونے کے بجائے اذیت کا شکار ہوچکے ہیں اور بینکوں کے باہر رقوم کے حصول کے لیے گھنٹوں لمبی قطاروں میں لگنا ان کا مقدر بن گیا ہے،خواتین اپنی باری کے انتظار کے لیے اپنے کمسن بچوں سمیت صبح سے شام دیر تک سڑکوں کی خاک چھاننے پر مجبور ہیں، آٹو بھان روڈ، پکوڑا چوک سمیت دیگر متعدد مقامات پر نجی بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظیفے کے لیے آنے والی مستحق خواتین اور مرد حضرات کے بیٹھنے، پینے کے پانی سمیت دیگر سہولیات کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا ہے اور شدید سردی میں خواتین سارا دن اپنی باری کاانتظار کرتی ہیں، دوسری جانب ضلع حیدرآباد کے بیشتر علاقوں قاسم آباد کے پکوڑا چوک کے مقام پر قائم ایک نجی بینک کے باہر ہر روز درجنوں خواتین اور مرد حضرات وظیفے کے حصول کے لیے آتے ہیں اور گزشتہ روز بینک میں ٹیکنیکل فالٹ اور اے ٹی ایم میں کیش ختم ہونے کے باعث خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس دوران انہوں نے سڑک بلاک کردی جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اورمسافروں کو شدید پریشانی سے دوچار ہونا پڑا، مستحق خواتین کا کہناہے کہ بینک انتظامیہ کی جانب سے صبح سے وظیفے کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے رہنے کا کہا جاتا ہے،مذکورہ بینک انتظامیہ کے مطابق ٹیکنیکل فالٹ کی وجہ سے اے ٹی ایم کا لنک ڈاؤن ہوگیا ہے، ارباب اختیار معاملے کا نوٹس لیں۔