• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کا واپس آنے کا ارادہ ہے، الیکشن مہم لیڈ کریں،رانا ثناء

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام’’ نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف انشاء اللہ وطن واپس آجائیں گے اور ہماری خواہش ہے اور پارٹی نے درخواست بھی کی ہے کہ اس الیکشن مہم کو لیڈ کریں اور ہمیں امید ہے وہ پارٹی کی اس اپیل کو قبول کریں گے اور واپس آئیں گے اور واپس آنے کا ان کا اپنا بھی ارادہ ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا کہ 48 گھنٹے پورے ہوں گے تو خود بخود تحلیل ہوجائے گی ،رہنما پیپلز پارٹی ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی الیکشن سے راہِ فرار اختیار نہیں کرتی، رہنما ایم کیو ایم وسیم اختر نے کہا کہ ہماری رائے ہے کہ حلقہ بندیوں میں کچھ خامیاں ہیں جس کو بہتر کیا جائے ۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نےکہا کہ جب گورنر ہاؤس نے تصدیق کر دی ہے تو اس میں کوئی دوسری صورت نہیں ہے وہ 48 گھنٹے میں خود بخود تحلیل ہوجائے گی۔ ہم الیکشن کے لیے پہلے بھی تیار تھے ہماری پارٹی کی اکثریت کی رائے یہی تھی کہ اسمبلیاں توڑنے سے نہیں روکنا چاہیے اور الیکشن کی بھرپور تیاری کرنا چاہیے جس اسمبلی کو بھی توڑیں چاہے ایک توڑیں چاہے دونوں توڑیں۔نوازشریف نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے اس سوال کی جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اُن سے رابطہ رہا ہے ایسی کوئی بات نہیں ہے وہ بھی اس حق میں تھے کہ انہیں اسمبلیاں توڑنے دیں اور الیکشن کی تیاریاں کریں اقلیت کی رائے تھی کہ اسمبلی کی تحلیل کو روکنا چاہیے جبکہ اکثریتی رائے یہی تھی کہ الیکشن میں جانا چاہیے۔
اہم خبریں سے مزید