لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے فوری وطن واپسی سے انکار کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کو لندن طلب کر لیا ہے۔ اس سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور ممکنہ صوبائی انتخابات سے قبل نواز شریف کی وطن واپسی کی قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں ۔پارٹی کی سینئر قیادت نے موجودہ سیاسی صورتحال میں نواز شریف کی فوری وطن واپسی کی درخواست کی تھی، لیکن پارٹی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے جواب میں واضح کیا کہ فی الحال موجودہ سیاسی صورتحال میں میرا پاکستان واپس آنا ممکن نہیں، اگلے چند روز میں مریم نواز کی فوری وطن واپسی کا فیصلہ ہوگا، مریم نواز واپس جا کر کچھ عرصے کے بعد مجھے رپورٹ دینگی تو اس کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ کروں گا۔نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں کو فوری طور پر انتخابات کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی رہنما بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں، تمام تر صورتحال سے مجھے اپ ڈیٹ بھی رکھیں۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو لندن طلب کر لیا۔ رانا ثنا اللہ کی آئندہ چند روز میں لندن روانگی کا امکان ہے۔ انہیں پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور صوبے میں ہونے والے ممکنہ انتخابات کے تناظر میں طلب کیا گیا ہے۔ رانا ثنا اللہ کو پنجاب کے تمام صوبائی حلقوں کے ممکنہ امیدواروں کی فہرست بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔