• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور چین میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے بے پناہ امکانات، صدر علوی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سی پیک کے تحت چین کی جانب سے پاکستان میں تقریباً 62 ارب ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے پاکستان اور چین میں تجارت، سرمایہ کاری اور کاروبار کے بے پناہ امکانات کے پیشِ نظر امید ظاہر کی کہ دوطرفہ تجارت جس کا حجم 27.8 بلین ڈالر ہے مستقبل میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے اور تجارت کا توازن باہمی طور پر فائدہ مند ہو گا۔ صدر مملکت نے یہ بات پاکستان میں چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر نونگ رونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر نے کہا کہ سی پیک کے تحت انیس منصوبے مکمل کیے گئے، 28زیر تعمیر جبکہ 41پائپ لائن میں ہیں۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں وسیع تعاون پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور چین کے عوام اور صدر شی جن پنگ کا پاکستان کو دل کھول کر مالی معاونت فراہم کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔ صدر نے سبکدوش ہونے والے سفیر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔
اہم خبریں سے مزید