راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)باخبر ذرائع کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری سے مزید دو قیمتی ڈائلیسز مشینیں چوری ہو گئیں۔ جون2022میں پہلی والی چوری مشین بھی تاحال برآمد ہوئی نہ ہی کسی کے خلاف کارروائی ہوسکی ہے۔ مری ہسپتال کی پہلی چوری ہونے والی مشین کی تحقیقات کیلئے تین رکنی انکوائری کمیٹی بنی تھی جبکہ ایم ایس ڈاکٹر عبدالسلام کو محکمہ انٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انصر اسحاق نے محکمہ انٹی کرپشن کو کارروائی کیلئےتحریری مراسلہ بھجوایا تھالیکن سیاسی دباؤ پر معاملہ نظر اندازکردیا گیا۔ مزید دو مشینیوں کی چوری کے بعد اب چھ میں سے تین مشینیں رہ گئی ہیں۔پہلی مشین زیر تعمیر آئی پی ڈی بلاک کے گراؤنڈ فلور پر 16فروری 2021کو لگائی گئی تھی۔