لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز) پر اثر انداز ہوکر کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کو شہر کی بڑی پارٹی ثابت کرنے کی سازش کی،پیپلز پارٹی کراچی میں جماعت اسلامی کا عوامی مینڈیٹ تسلیم کرے،شہر قائد کے عوام کو لمبے عرصے بعداہل اور ایمان دار قیادت ملی ہے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ فارم 11 پر جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹس کو موصول دستخط شدہ نتائج کے مطابق صوبائی دارالحکومت کی سب سے بڑی پارٹی جماعت اسلامی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ فارم 11 کے نتائج کو سنجیدہ لے کر جماعت اسلامی کا عوامی مینڈیٹ تسلیم کیا جائے۔ جماعت اسلامی پرامن جماعت ہے، امید ہے پیپلز پارٹی جو اپنے آپ کو جمہوری پارٹی کہتی ہے عوامی فیصلہ کو قبول کرے گی۔