کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل کا 8واں ایڈیشن 13فروری سے شروع ہوگا ، افتتاحی تقریب کا میزبان ملتان جبکہ فائنل لاہور میں19 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ پہلے روز ملتان اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا سامنا ملتان سلطانز سے ہوگا34میچز پر مشتمل ایونٹ کے11میچز راولپنڈی، 9، 9لاہور اور کراچی جبکہ 5ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں 36غیرملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ لاہور قلندرز، کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اپنے اپنے ہوم گراؤنڈز پر پانچ پانچ میچز کھیلیں گی۔ کوئٹہ کو ابھی اس کیلئے انتظار کرنا ہوگا۔لیگ پہلا مرحلہ پہلا مرحلہ ملتان اور کراچی جبکہ دوسرا پنڈی اور لاہور میں کھیلا جائے گا۔ جمعے کو لاہور میں پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے شیڈول کا اعلان کیا اور کہا کہ پی ایس ایل بھارتی لیگ سے بڑا برانڈ ہے، ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل کو مزید بڑا برانڈ بنانا چاہتے ہیں ۔ اس وقت چار ممالک میں ٹی20لیگز ہورہی ہیں۔ سب نے اپنا وقت سیٹ کیا لیکن پی ایس ایل سے ٹکراؤ نہیں کیا۔سب کو معلوم تھا کہ پی ایس ایل اہم ہے، شائقین سے درخواست ہے کہ وہ لیگ کو سپورٹ کرنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیمز کا رخ کریں۔ پی ایس ایل کے موقع پر خواتین کے تین نمائشی میچز ہوں گے جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل شریک ہوں گی۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ منیجمنٹ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں کہا کہ کوئٹہ میں نمائشی میچ کرانا چاہتے ہیں، وہاں کی انتظامیہ سے بھی بات ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں ادائیگیوں کی کمی کا سامنا نہیں ہے ۔ فرنچائزز سے ساتویں اور آٹھویں ٹیم کو شامل کرنے کی بات کررہے ہیں، ٹیمیں بڑھانا ایک چیلنج ہے لیکن امید ہے اس پر قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چارسال کے اندر اسٹیڈیم کے انفرا اسٹرکچر پرکام نہیں ہوا، میں کام نہ ہونے پر حیران بھی ہوں اور پریشان بھی۔ دریں اثنا انہوں نے پی ایس ایل کے فری پاس جاری نہ کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں دوستوں اور ارباب اختیار سے پی ایس ایل کے فری ٹکٹس نہ مانگنے کی درخواست کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اس عمل پر خبردار کیا ہے۔ کوئی بھی کسی کھلاڑی، کوچ وغیرہ کی سلیکشن اور کسی غیر مستحق کو نوکری دینے کے لیے بھی سفارش نہ کریں۔ (کھیلوں کی مزید خبریں صفحہ 2پر )