لاہور(آصف محمود بٹ) پی ڈی ایم کے چئیرمین اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر دہشت گرد حملے اور ان کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب سمیت تمام دیگر صوبوں کے ہوم سیکرٹریز کو ان کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے مولانا فضل الرحمن پر حملے کے لئے سنائپرز اور نائٹ ویثرن آلات حاصل کر لئے ہیں تاکہ لانگ رینج ٹارگٹ ہونے کے باوجود بھی نشانہ بنایا جاسکے۔
وفاقی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اس وقت عسکریت پسندوں کا سب سے زیادہ مطلوبہ ہدف ہیں اور ان پر کسی بھی میٹنگ یا جرگہ کے دوران دہشت گرد حملہ ہوسکتا ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے ان کو اپنی نقل و حرکت بھی انتہائی محدود کرنے ، عوامی اجتماعات میں شریک نہ ہونے اور غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کا کہا جائےگا۔
مولانا فضل الرحمن کے تھریٹ لیول کومزید بڑھا دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے افسر نے’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ وزارت داخلہ کی طرف سے ہدایات کے بعد مولانا فضل الرحمن کی پنجاب میں آمد کے موقع پر تمام سیکورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے گا۔