کراچی(اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اور پاکستان کو تیسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں بھی بھاری مارجن سے شکست ہوئی۔سڈنی میں ہفتے کو آسٹریلین ٹیم نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں 101 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔ پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے آسٹریلوی پلیئر بیتھ مونی نے 133 جبکہ میگ لیننگ 72 اور تاہلیا میگرا نے 30 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے 3، ندا ڈار اور ڈیانا بیگ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں پاکستانی ٹیم 337 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 235 رنز ہی بنا سکی۔منیبہ علی 27 اور طوبیٰحسن بغیر رنز بنائے وکٹ پر موجود رہیں۔ اس سے قبل اوپنر صدر شمس 30 اور سدرہ امین 34 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں، ندا ڈار بھی 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ بعدازاں بسمہ معروف 44 اور عائشہ نسیم بغیر کوئی رن اسکور کیے گارڈنر کا شکار بنیں۔میچ میں لیگ سپنر طوبیٰ حسن نےون ڈے ڈیبیو کیا۔طوبیٰ حسن پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والی 88 کھلاڑی بن گئیں۔