قصور(نمائندہ جنگ) قصور میں سندھ کے ہندو خاندان کے 3افراد گودام میں دم گھٹنے سے ہلاک جبکہ ایک بے ہوش ہو گیا۔گزشتہ رات قادی ونڈ روڈ قصور میں چنے کا کاروبار کرنے والے اللہ دتہ اور عثمان رحمانی وغیرہ کے گودام میں جیکب آباد سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی ہندو خاندان کے چار افراد رات کو آئے جنہوں نے مبینہ طور پر مچھلی کھائی اور کولڈ ڈرنکس پیا ، کھانے کے بعد گودام میں کوئلے کی انگیٹھی جلا کر چاروں سو گئے اور صبح جب اللہ دتہ ان کیلئے ناشتہ لایا تودروازہ کھٹکھٹایا ، دوازہ نہ کھلا تو اللہ دتہ پچھلی کھڑکی سے گودام کے اندر داخل ہوا ، چاروں افراد بے ہوش پڑے تھے۔ اطلاع پرریسکیو کی امدادی ٹیم موقع پر پہنچی تو 50سالہ کرپال داس اسکا بیٹا سنی کمار اور داماد وشال تینوں دم توڑ چکے تھے جبکہ کرپال داس کا دوسرا بیٹا ستیش کمار بےہوش تھا جسے ابتدائی طبی امداد دیکر ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کردیا گیا ہے ۔صدر قصور پولیس،ڈی ایس پی ،ایس پی اور فرانزک ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی جس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے ۔ مرنے والوں سے مجموعی طور تین لاکھ روپے نقدی اور انکی کار کو قبضہ میں لیکر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ایس ایچ او صدر قصور انسپکٹر میاں نسیم نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔