• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حقائق بہت تلخ، مشکل فیصلے کرکے ملک کو استحکام دینا پڑیگا، شاہد خاقان

کوئٹہ (آئی این پی ) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ناگزیر ہے، مشکل فیصلے کر کے ملک کو استحکام دینا پڑے گا، ایک دوسرے پر الزامات اور گالم گلوچ کی سیاست زہر قاتل ہے،نفرت کی سیاست پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکتی، مفتاح اسماعیل، لشکری رئیسائی نے کہا کہ معاشی بدحالی انتہا پر پہنچ چکی ہے، 4 ماہ تک کچھ فیصلے نہ ہونے پر معیشت کو نقصان ہوا، بلوچستان کے حوالے سے بات چیت کرنے کی فضا بنانا ہوگی، جس بحران سے سماج گزر رہا ہے مذاکرات کی اشد ضرورت ہے، گوادر میں بنیادی ضروریات کیلئے احتجاج ہو رہا ہے۔ کوئٹہ میں لشکری رئیسائی، مفتاح اسماعیل، مصطفی نواز کھوکھر اور دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک کے حقائق بہت تلخ ہیں، پاکستان کے پاس مسائل کا کوئی معجزاتی حل نہیں، اگر ہم چاہتے ہیں کہ ملکی مسائل حل ہوں تو ہمیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئین کے مطابق تمام فیصلے کرنے ہوں گے، معاشی بدحالی انتہا پر پہنچ چکی ہے، عوام کے مسائل ایک طرف رہ گئے ہیں، مشکل فیصلے کر کے ملک کو استحکام دینا ہوگا، وقت آگیا ہے کہ لوگوں کو حقوق دیئے جائیں، ملک کے تمام مسائل کا حل آئین میں موجود ہے، آئین کو تسلیم نہیں کریں گے تو مسائل حل نہیں ہونگے۔ شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ غیر جماعتی فورم پر ملکی مسائل پر بات کرنا ہوگی، بلوچستان کے مسائل کی بڑی وجہ غیر نمائندہ لوگ ہیں، ہم مسائل کے حل کا دعوی نہیں کرتے، کیا ایوانوں میں بیٹھے لوگ بلوچستان کے مسائل حل کر رہے ہیں، سب اپنے گریبان میں دیکھیں کوئی بھی الزام سے بری الذمہ نہیں،ان سب مسائل پر بات کیلئے ایک فورم رکھا جس کی ابتدا کوئٹہ سے ہوئی۔ اس موقع پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ 4 ماہ تک کچھ فیصلے نہ ہونے پر معیشت کو نقصان ہوا، پاکستان کا قرض بڑھ کر 51 ہزار ارب تک پہنچ چکا، رقم سہولیات کے بجائے قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہو رہی ہے، قرضوں کی وجہ سے مہنگائی اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔ مفتاح اسماعیل نے مزید کہا عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، 8 کروڑ پاکستان مفلسی کی زندگی گزار رہے ہیں، پچھلے 20 سالوں میں ملک کا قرضہ بڑھتا جا رہا ہے، قرضوں کی مد میں 21 ارب ڈالر واپس کرنے ہیں، گردشی قرض کا حل کسی حکومت نے نہیں نکالا، حکومت کے آئی ایم سے مذاکرات کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ لشکری رئیسائی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ معیشت کی بدحالی اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے، بلوچستان کے حوالے سے بات چیت کرنے کی فضا بنانا ہوگی، جس بحران سے سماج گزر رہا ہے مذاکرات کی اشد ضرورت ہے، گوادر میں بنیادی ضروریات کیلئے احتجاج ہو رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید