ملتان (ایجنسیاں)تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے قانونی رکاوٹیں دور ‘سزا یافتہ شخص کو پروٹوکول کے ساتھ وطن واپس لایا جارہاہے ‘ امپورٹڈ حکمراں اقتدار کو طول دینے کیلئے حیلے بہانے کر رہے ہیں‘ناکام نظام کو بچانے کیلئے غیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں، حکومت پر گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے‘ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ سے بچنے کیلئے اور نام نہاد اپوزیشن لیڈر کو بچانے کیلئے ہمارے اراکین کے استعفے منٹوں میں منظور کئے گئے‘اسپیکر صاحب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے باقی اراکین کے استعفے بھی منظور کئے جائیں‘حکمران الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔ گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نواز شریف صحت کی خرابی کا بہانہ بنا کر ملک سے باہر گئے، ان کی صحت پتا نہیں ٹھیک ہوئی یا نہیں ہوئی۔