• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکی آرتھر پاکستان کرکٹ ٹیم کیساتھ ڈربی شائر کاؤنٹی کی بھی کوچنگ کریں گے

کراچی(عبدالماجدبھٹی)امکان ہے کہ مکی آرتھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ڈاربی شائر کاونٹی کی کوچنگ کریں گے یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ کسی اور کے لئے بھی خدمات انجام دے گا۔اس سال انگلش سیزن کے دوران پاکستانی ٹیم کی کوئی مصروفیت نہیں ہے۔اس لئےوہ پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کے بعد انگلش سیزن میں ڈاربی شائر کی کوچنگ کریں گے۔توقع ہے کہ ممکنہ طور پر مکی آرتھر ایشیا کپ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔اگراس وقت تک ڈاربی شائر کا انگلش سیزن ختم نہیں ہوا تو وہ آن لائن یا ویڈیو لنک پر کوچنگ کریں گے۔جولائی میں سری لنکا کی سیریز بھی انگلش سیزن سے متصادم ہوگی اس میں بھی ان کی شرکت کا امکان نہیں ہے۔پی سی بی نے مکی آرتھر کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ بولنگ،بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچ کے ساتھ ساتھ اسسٹنٹ کوچ کا بھی نام تجویز کریں۔پی سی بی مکی آرتھر کے ساتھ کوچنگ ٹیم ان کی مرضی سے بنائے گی۔ذرائع کہنا ہے کہ پی سی بی مکی آرتھر کے لئے ایسا معاہدہ بنارہا ہے جس کے مطابق جس وقت مکی آرتھر کاونٹی کے ساتھ مصروف ہوں گے اور پاکستان ٹیم کی بھی کوئی سیریز ہوگی۔اس وقت پاکستان ٹیم کی ذمے داریاں اسسٹنٹ کوچ سنبھالیں گے۔اور مکی آرتھر آن لائن یا ویڈیو لنک پر اسٹنٹ کوچ، دیگر کوچز ،کپتان اور نائب کپتان سے رابطے میں ہوں گے۔وہ پاکستان ٹیم کی میٹنگز میں بھی ویڈیو لنک پر جوائن کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے کوچ لال چند راجپوت ہیڈکوچ کی حیثیت سے پاکستان نہیں آئے تھے اوران کی جگہ اسسٹنٹ کوچ تمام ذمے داریاں سنبھالتے تھے اسی طرح بھارتی ٹیم میں راہول ڈریوڈ کی غیر موجودگی میں وی وی ایس لکشمن نے بھارتی ٹیم کی کوچنگ کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر بھارت میں ورلڈکپ اور آسٹریلیا کے دورے میں پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔اس وقت تک انگلش سیزن ختم ہوجائے گا۔پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی براہ راست مکی آرتھر سے معاہدے کی تفصیلات طے کررہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لئے مکی آرتھر سے90فیصد معاملات طے پاچکے ہیں ۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سابق کوچ مکی آرتھر کے لیے صورتِ حال مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ مکی آرتھر کا ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ڈاربی شائر کے ساتھ 2025ء تک معاہدہ ہے اور ان کے ہی ڈاربی شائر کا ہیڈ کوچ رہنے کی توقع ہے۔برطانوی میڈیا نے مزید کہا ہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے معاملات ختم ہونے کا اعلامیہ جاری کیا تھا، نجم سیٹھی کے بیان کے بعد مکی آرتھر نے ڈاربی شائر چیف کے سامنے اپنی پوزیشن کلیئر کی۔

اسپورٹس سے مزید