پشاور ( وقائع نگار )پشاورانتظامیہ نے تحصیل شاہ عالم کے علاقے عیسیٰ خیل حمید میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرتانیہ شاہین،تحصیلدار تحسین اللہ خان اور تحصیلدار معراج خان سمیت ذیلی محکموں کے افسروں، ریونیو سٹاف،عوامی نمائندوں، عوام اور مشران نے شرکت کی۔بی ایچ یو سعید آباد میں عوام کی سہولت اور معلومات کے لئے کھلی کچہری سے پہلے اعلانات کر ائے گئے ۔اس موقع پر لوگوں نے افسروں کو مسائل کے بارے میں کہاکہ علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت زیادہ ہے اور عوام کی سہولت کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور علاقے میں سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے سوئی گیس کا پریشر بڑھایا جائے اور علاقے میں نشہ آور اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف قانو نی کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے میں ندی نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ کھیتوں تک پانی آسانی سے پہنچ سکے اور علاقے میں سپیڈ بریکروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے کیوں کہ ان غیر قانونی سپیڈ بریکروں کی وجہ سے اکثر ایکسیڈنٹ رونما ہو چکے ہیں اورناگمان چوک میں تجاوزات مافیا کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے کے لیے سرکاری آٹے کا کوٹہ بڑھایا جائے۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی مسائل کے بارے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے تمام افسروں کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں ۔