اسلام آباد (صالح ظافر) قومی اسمبلی می اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر سے قبل ملک میں انتخابات ممکن نہیں ہیں کیونکہ ملک کی معیشت اتنے بڑے اخراجات کے قابل نہیں۔ دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد ایک سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے اور یہ سرگرمی آئین کے مطابق ہونا چاہئے، یہ اہم کام کسی کی خواہشات کے مطابق نہیں کیا جا سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے حلقے کے لوگ ان کے حامی ہیں کیونکہ جس طرح قومی اسمبلی میں ان کی نمائندگی کی جا رہی ہے؛ اس سے وہ بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ عمران خان نہیں بلکہ مہنگائی ہے اور یہ ایک سنگین مسئلہ ہے اور حکومت کو چاہئے کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس مسئلے کو حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وہ مہنگائی کے مسئلے پر بات کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ انہیں ملک اور اس کے عوام کی بھلائی میں کوئی دلچسپی نہیں، آج پی ٹی آئی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان سمیت پارٹی قیادت میں سیاسی سمجھ بوجھ کا فقدان ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں راجہ ریاض نے کہا کہ انہیں پی ٹی آئی سے کوئی خطرہ نہیں، پارٹی ارکان کی جانب سے استعفے دیکر اب دوبارہ واپس آنے کی باتیں کرنا بچگانہ بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں واپس آ کر پی ٹی آئی والوں کو مثبت کردار ادا نہیں کرنا بلکہ ماحول خراب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی راجہ پرویز اشرف اچھے ریاست دان کی حیثیت سے ایوان کی کارروائی چلا رہے ہیں۔