• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ٹیسٹ فلائٹ مارچ میں ہو گی

اسلام آباد ( رپورٹ:حنیف خالد) نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کو آپریشنل بنانے کی تیاریاں زور شور سے شروع کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل گرین فیلڈ کے اسٹیٹ آف دی آرٹ رن وے پر آزمائشی پرواز مارچ میں شروع کرنے کی تجویز آ گئی ہے۔ اس رن وے پر اے ٹی آر 72ائربس اے تھری زیرو زیرو/اے تھری ٹو زیرو اور اے تھری تھری زیرو ائربس بوئنگ سیون تھری سیون اور بوئنگ اور جمبو جیٹ سیون فور سیون اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازیں کیا کرینگے۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ امکانی طور پر جون 2023ء میں مکمل کیا جائیگا۔ ائرٹریفک کنٹرول اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ ائرپورٹ عوامی جمہوریہ چین‘ سلطنت عمان اور پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی اوپن سکائی پالیسی کے تحت بنا رہے ہیں۔ گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ چین‘ پاکستان اکنامک کاریڈور کا ایک پراجیکٹ ہے۔ اسکے مکمل ہونے سے گوادر کی ترقی میں اضافہ ہو گا۔ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت بڑھے گی۔ اس سے ریجن کا جیو پولیٹیکل اسٹیٹس نئے خطوط پر استوار ہو گا۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ پرانے گوادر ائرپورٹ کے قریب بحیرہ عرب پر بنایا جا رہا ہے۔ آئندہ سات دنوں میں نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کے رن وے پر ایک ٹیسٹ فلائٹ اترے گی اور ٹیک آف کریگی جس طرح 2012-13ء میں اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے دو رن ویز کی تکمیل پر دنیا کا سب سے بڑا کم و بیش ساڑھے چھ سو مسافر بیک وقت لیکر محو پرواز ہونے والا فرانسیسی ساختہ اے تھری ایٹ زیرو طیارہ لینڈ کیا تھا‘ اور اسی کے ساتھ ٹیک آف کیا تھا۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کا سنگل رن وے بنایا گیا ہے جو 3ہزار 678میٹر ساڑھے تین کلومیٹر سے زیادہ طویل ہے۔ اس رن وے کی چوڑائی 75میٹر ہے جس پر اے تھری ایٹ زیرو ائربس طیارے لینڈ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ 4ہزار 3سو ایکڑ رقبے پر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
اہم خبریں سے مزید