کراچی(اسٹاف رپورٹر) آن لائن ہیڈ کوچ بننے کی خبر کی اشاعت کے بعد اور پی سی بی پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے مکی آرتھر کے معاملے پر پیر کی شب یوٹرن لے لیا ہے ۔وہ ورک فرام انگلینڈ کرینگے، ٹیم کا ریموٹ کنٹرول ان کے ہاتھ میں ہی ہوگا، البتہ مکی آرتھر کو ہیڈ کوچ کے بجائے کنسلٹنٹ کے طور پر ڈائریکٹر بنانے کی تجویز ہے۔ پی سی بی نے مکی کو کنسلٹنٹ بنانے کی تصدیق کی ہے۔ وہ ڈاربی شائر کاؤنٹی کیلئے بھی خدمات انجام دیں گے۔ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے ہفتے کی شب کراچی میں مکی آرتھر کو ہیڈ کوچ بنانے کیلئے فارمولا میڈیا سے شیئرکیا تھا۔ پیر کی شب پی سی بی ترجمان نے کہا کہ مکی آرتھر کو ہیڈ کوچ نہیں، پاکستان ٹیم کا کنسلٹنٹ مقرر کیا جارہا ہے۔ مکی آرتھر کا ڈاربی شائر کاؤنٹی سے معاہدہ ہے جب وہ دستیاب ہونگے، کنسلٹنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ البتہ ہیڈ کوچ کی مشاورت سے پاکستان ٹیم کا دیگر کوچنگ اسٹاف لایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کے آنے کے بعد پاکستانی ٹیم کے ساتھ کچھ چہرے نئے عہدوں کے ساتھ سامنے آئیں گے۔ ہفتے کی شب کراچی میں نجم سیٹھی نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مکی آرتھر کا اسسٹنٹ ان کی عدم موجودگی میں بنچ پر بیٹھے گا اور ان کی مدد کے لئے دو پاکستانی کوچز بھی ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ مکی آرتھر کیلئے ہیڈ کوچ کی بجائے ٹیم ڈائریکٹر کا عہدہ متعارف کر انے پر غور کررہا ہے۔ ہیڈ کوچ کا عہدہ ختم کرنے کا فیصلہ ہو گیا ہے ۔ پاکستان ٹیم ہیڈ کوچ نہیں اسسٹنٹ کوچز کے ساتھ کام کرے گی ۔ مکی آرتھر ٹیم ڈائریکٹر ہوں گے جو تمام معاملات دیکھیں گے۔ مکی آرتھر ورلڈ کپ 2023 اور آسٹریلیا دورہ پر ٹیم کے ساتھ ہونگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے مکی آرتھر کیلئے چیف آف اسٹاف تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا، ایک پی ایس ایل فرنچائز سے منسلک جنرل منیجر کو بطور ٹیم منیجر تعینات کرنے کا امکان ہے۔ وہ بنیادی طور پر مکی آرتھر کے چیف آف اسٹاف کے طور پر کام کرینگے۔